اسرائیلی فوج اور پولیس کی کارروائیاں، نوجوان فلسطینی گرفتار

اسرائیلی پولیس کی جانب سے مقبوضہ یروشلم سے متصل دیہات میں آنسو گیس کی بد ترین شیلنگ کی وجہ سے فلسطینی دیہاتیوں کو سانس لینے میں سخت دشواری پیش آرہی ہے۔ اسرائیلی پولیس نے سلوان اور راس خمیس نامی دیہات پر چھاپے مارے ہیں اور اس دوران بغیر وقفے کے مسلسل شیلنگ کی ہے۔ تاکہ فلسطینی اپنے گھروں سے نکلنے پر مجبور ہو جائیں۔
فلسطینیوں کی مزید 600 ایکڑ اراضی پر قبضے کا اسرائیلی حکم جاری

قابض اسرائیلی اتھارٹی نے فلسطینیوں کے زیر ملکیت وسیع قطعہ اراضی ضبط کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں، اس سلسلے میں قابض اتھارٹی کا پیر کے روز حکمنامہ سامنے آ گیا ہے۔ جس زمین کو فلسطینی شہریوں سے چھیننے کی یہ تازہ تیاری سامنے آئی ہے وہ فلسطینی شہر الخلیل کے شمال مغرب میں ترقومیا نامی قصبے میں ہے اور چھ سو ایکڑ پر مشتمل ہے۔ دوسری جانب سے یہ جگہ مغربی کنارے کے شمال میں واقع ہے۔ واضح رہے تین روز قبل اسرائیلی قابض اتھارٹی نے یہودیوں کی آباد کاری کے لیے 820 نئے رہائشی یونٹ بنانے کی منظوری دی تھی۔ اس کے بعد فلسطینیوں کی زمین چھیننے کا بڑا حکم ہے۔